.

شاہ عبداللہ کا انتقال، پاکستان میں سوگ کا اعلان

وزیراعظم جنازے میں شرکت کے لیے ریاض روانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خادم الحرمین الشریفین اور سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ کے انتقال پر پاکستان میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ برادر اسلامی ملک کے فرمانروا کے انتقال پر صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم میاں نواز شریف نے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔

شاہ عبداللہ مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے وزیر اعظم میاں نواز شریف اور سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے وزیر اعلی میاں شہباز شریف فوی طور پر سعودی دارالحکومت ریاض روانہ ہو گئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم ایک ہفتہ قبل شاہ عبداللہ کی عیادت کے لیے بھی سعودی عرب گئے تھے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ریاستی اور حکومتی سطح پر ہی نہیں عوامی سطح پر بھی غیر معمولی احترام پر مبنی تعلقات پائے جاتے ہیں۔

پاکستان کی مختلف دینی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے بھی سعودی فرمانروا کے انتقال پرملال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی رہنماوں نے سعودی سفارت خانے سے رابطہ کر کے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے ذرائع ابلاغ نے بھی شاہ عبداللہ کے انتقال کی خبر کو نمایاں طور پر شائع اور نشر کیا ہے۔

شاہ عبداللہ کے عہد حکمرانی کے دوران پاکستان میں تباہ کن زلزلے اور بعد ازاں سیلابوں سے آنے والی تباہی کے مواقع پر پاکستانی عوام کی غیر معمولی امداد کا اہتمام کیا گیا تھا۔ وہ پاکستان کے ساتھ گہری محبت رکحنے والے سعودی فرمانروا تھے۔