.

کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان آئیرلینڈ کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنے آخری پول میچ میں آئیرلینڈ کو سات وکٹ سے ہراکر آئی سی سی عالمی کپ کرکٹ ٹورنا منٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

پاکستان کو کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔ایڈی لیڈ اوول میں اتوار کو کھیلے گئے دن اور رات کے اس میچ میں آئیرلینڈ کی ٹیم کے کپتان ولیم ٹی ایس پورٹر فیلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔

آئیرلینڈ کی پوری ٹیم پچاسویں اوور میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس طرح اس نے پاکستان کو جیت کے لیے 238 رنز کا ہدف دیا جو اس نے سینتالیسویں اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔آئرش کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے سب سے زیادہ 107 رنز بنائے۔وکٹ کیپر جی سی ولسن 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی بیس کا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سہیل خان اور راحت علی نے دو،دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔احسان عادل اور حارث سہیل نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔آئیرلینڈ کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔پاکستانی کھلاڑیوں نے آج کے اس ہم میچ میں باؤلنگ کے علاوہ فیلڈنگ کا بھی شاندار مظاہرہ کیا اور عمر اکمل نے چار کیچ پکڑے۔

آئیرلینڈ کے مقابلے میں پاکستان کے اوپنرز احمد شہزاد اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 120 رنز بنائے۔احمد شہزاد 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔تھامپسن کی گیند پر جوائسی نے انھیں کیچ آؤٹ کیا۔ان کے بعد حارث سہیل کھیلنے کے لیے آئے لیکن وہ صرف تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔کپتان مصباح الحق انتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔عمر اکمل 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ہیں۔

سرفراز احمد نے آج بھی شانداراور ذمے دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔وہ 101 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ہیں۔یہ اس ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے کسی بلے باز کی پہلی سینچری ہے اور یہ ان کی بھی ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پہلی سینچری ہے۔

سرفراز احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور وکٹوں کے پیچھے چھے کیچ پکڑے تھے اور انچاس رنز بنائے تھے۔انھیں اس میچ کا بھی بہترین کھلاڑی قراردیا گیا تھا۔

اس میچ کو جیتنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے آٹھ پوائنٹس ہوگئے ہیں اور وہ پول بی میں تیسرے نمبر پر رہی ہے۔اب کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ پول اے میں دوسرے نمبر پر رہنے والی آسٹریلیا کی ٹیم سے 20 مارچ کو اسی ایڈیلیڈ اوول کے میدان میں ہوگا۔پول بی میں بھارت کی ٹیم نے کوئی میچ نہیں ہارا اور وہ بارہ پواںٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی ہے۔19 مارچ کو کوارٹرز فائنل میں اس کا مقابلہ پول اے میں چوتھے نمبر پر رہنے والی بنگلہ دیشی ٹیم سے ہوگا۔

پول بی میں جنوبی افریقہ کی ٹیم آٹھ پوائںٹس کے ساتھ اور بہتر رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے نمبر پر رہی ہے۔اس کا پول اے کی تیسرے نمبر کی ٹیم سری لنکا سے 18 مارچ کو میچ ہوگا۔پول بی میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم چوتھے نمبر پر رہی ہے۔وہ پول اے میں پہلے نمبر پر رہنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ساتھ کوارٹر فائنل کھیلے گی۔ان کے درمیان 21 مارچ کو ویلگنٹن میں میچ کھیلا جائے گا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی اس کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنا منٹ میں کوئی میچ نہیں ہارا اور تمام چھے میچ جیت کر بارہ پوائںٹس حاصل کیے ہیں۔