.

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے: صدر ممنون حسین

امام کعبہ شیخ خالد الغامدی کی صدر مملکت اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان الحرمین الشریفین کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے،اس میں کسی کوشک نہیں ہونا چاہیے۔

انھوں نے یہ بات سوموار کو اسلام آباد میں امام کعبہ شیخ خالد الغامدی کے ساتھ ملاقات میں کہی ہے۔امام کعبہ نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ اگر سعودی عرب پر بُرا وقت آیا تو پاکستان اس کے دفاع سے پیچھےنہیں ہٹے گا۔

اس سے پہلے امام کعبہ نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے پارلیمان ہاؤس میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور ان سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اور امت مسلمہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔امام کعبہ نے مہمانوں کی گیلری سے کچھ دیر کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی۔ سعودی عرب کے قائم مقام سفیر جاسم محمد الخالدی بھی امام کعبہ کے ہمراہ موجود تھے۔

شیخ خالد الغامدی نے بعد میں پارلیمینٹ کی مسجد میں نماز مغرب کی امامت کرائی۔ان کی اقتداء میں قومی اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر ، پارلیمان کے ارکان اور پارلیمینٹ ہاؤس کے ملازمین نے نماز ادا کی۔امام کعبہ نے عالم اسلام ، سعودی عرب اور پاکستان کی سلامتی ، تحفظ و سربلندی اور مسلم اُمہ کے اتحاد کے لیے دعا کی۔