.

لاہور : پولیس کارروائی میں چار مشتبہ طالبان جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور کے نواح میں پولیس اور انسداد دہشت گردی فورسز نے ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران چار مشتبہ طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔

حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کی ٹیم نے ایک خفیہ اطلاع کے بعد لاہور سے اٹھارہ کلومیٹر شمال میں واقع فیروز والا ٹاؤن کے نواح میں پٹھان کالونی میں سوموار کی صبح چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔

صوبہ پنجاب کے وزیرداخلہ شجاع خانزادہ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ''ہمیں پٹھان کالونی میں ایک مکان میں مشتبہ جنگجوؤں کے موجود ہونے کی اطلاع ملی تھی اور جب پولیس پارٹی وہاں پہنچی تو انھوں نے فائرنگ شروع کردی''۔

انھوں نے بتایا ہے کہ ''پولیس کی جوابی کارروائی میں تین جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں اور چوتھے نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ہے جبکہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے''۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ اس مشتبہ جنگجو گروپ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا۔

پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران تین خودکش جیکٹس ،ایک راکٹ لانچر ،پانچ کلاشنکوف رائفلیں ،بڑی تعداد میں گولیاں اور اہم عمارتوں کے نقشے قبضے میں لے لیے ہیں۔