.

دبئی اور شارجہ پاکستان سُپرلیگ کی میزبانی کریں گے

پی ایس ایل کے تحت ٹی 20 ٹورنامنٹ 4 سے 24 فروری تک کھیلا جائے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اطلاع دی ہے کہ متحدہ عرب امارات (یواے ای) نے پاکستان سُپرلیگ (پی ایس ایل) کے ابتدائی ایڈیشن کی میزبانی سے اتفاق کیا ہے۔

پی ایس ایل کے تحت ٹی 20 لیگ ٹورنا منٹ کا انعقاد 4 سے 24 فروری 2016ء تک دبئی اور شارجہ میں ہوگا۔ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) اور بگ باش کے طرز پر اس ٹورنا منٹ میں کل چوبیس میچ کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کے چئیرمین نجم سیٹھی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ''براڈکاسٹروں اور پروڈیوسروں کے لیے ٹینڈرز پہلے ہی جاری کیے جاچکے ہیں۔اس کے بعد اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں اسپانسرشپس کے لیے ٹینڈرز کا عمل شروع کیا جائے گا۔نومبر کے وسط سے اختتام تک فرنچائز مالکان کا فیصلہ کیا جائے گا۔اس کے بعد غیرملکی اور مقامی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا اور ٹیموں کو تشکیل دیا جائے گا''۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام گذشتہ کئی ہفتوں سے قطر اور یواے ای بورڈ کے ساتھ پی ایس ایل کی میزبانی کے لیے بات چیت کررہے تھے اور قطر کے ساتھ کوئی معاملہ طے نہ پانے کے بعد یواے ای کا میزبانی کے لیے انتخاب کیا گیا ہے۔

اگست میں نجم سیٹھی نے سرکاری طور پر اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل کے تحت ٹی 20 ٹورنا منٹ کا قطر میں انعقاد کیا جائے گا کیونکہ یو اے ای کی گراؤنڈز آیندہ سال کے اوائل میں دستیاب نہیں ہوں گی ۔پی سی بی 2013ء سے ٹی 20 لیگ کے انعقاد کے لیے کوششیں کررہا ہے لیکن 2014ء اور 2015ء میں اسپانسرز دستیاب نہ ہونے اور اسٹیڈیمز کی عدم دستیابی کی وجہ سے اس کا انعقاد نہیں ہوسکا تھا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے اسٹار بلے باز کرس گیل اور انگلینڈ کے بلے باز کیون پیٹرسن نے گذشتہ ہفتے پی ایس ایل میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ان سے پہلے ویسٹ انڈیز ہی کے پانچ کھلاڑیوں کیرین پولارڈ ،سنیل نارائن ،ڈیوائن براوو ، ڈیوائن اسمتھ اور اسموئل بدری نے پی ایس ایل کے تحت ٹی 20 ٹورنا منٹ کا حصہ بننے کا اعلان کیا تھا۔