.

سعودی کیڈٹ اسلام آباد میں پراسرار طور پر جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول [ایبٹ آباد] میں زیر تربیت ایک سعودی کیڈٹ اسلام آباد کے ایک گیسٹ ہاؤس میں مردہ حالت میں پایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فؤاد مشعان پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیر تربیت تھا اور کچھ ہی روز قبل اپنے ایک دوست کے ہمراہ اسلام آباد آیا تھا جہاں وہ جی سیون فور کے ایک گیسٹ ہاؤس میں مقیم تھا۔ فؤاد کا دوست یزید بن حسن بھی سعودی شہری ہے اور وہ گیسٹ ہاؤس میں اس کے ساتھ والے کمرے میں رہائش پذیر تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جب ہفتے کی صبح کافی دیر تک فواد کمرے سے باہر نہیں آیا تو یزید بن حسن نے اس کے کمرے میں جانے کی کوشش کی مگر ہو اندر سے بند تھا۔

مسلسل دروازہ کھٹکٹانے کے باوجود جب فؤاد کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا تو یزید نے گیسٹ ہاؤس کی انتظامیہ کو مطلع کیا۔ بعد ازاں انتظامیہ کی مدد سے وہ کمرے میں داخل ہوئے جہاں انہوں نے فؤاد کو مردہ حالت میں پایا۔

پولیس کے مطابق فؤاد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔ اس موقع پر پولیس اور سعودی سفارتخانے کو بھی اطلاع دی گئی جن کے اہلکار فوری طور پر ہسپتال پہنچے۔

بعد ازاں لاش کو فیڈرل گورنمنٹ سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایک سعودی سفارتکار نے پولیس اور ہسپتال انتظامیہ کو فؤاد کے خاندان کی پاکستان آمد تک لاش سرد خانے میں رکھنے کا کہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پر کسی قسم کے زخموں یا مزاحمت کے نشانات نہیں پائے گئے ہیں تاہم مذکورہ سفارتکار نے پوسٹ مارٹم کرنے سے پولیس کو منع کر دیا۔