
عمران، ریحام نے باہمی رضامندی سے طلاق کا فیصلہ کر لیا
ریحام خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں علاحدگی کی تصدیق کر دی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے اپنی اہلیہ ریحام خان کو طلاق دے دی ہے۔ عمران خان اور ریحام خان کی شادی اسی سال 8 جنوری کو ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے ٹویٹر پر جمعہ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے ریحام خان کو طلاق دینے کا فیصلہ ایک نہایت حساس اور سنجیدہ معاملے پر کیا ہے اور دونوں نے باہمی رضامندی سے علاحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ریحام خان نے بھی ایک ٹویٹر پیغام میں عمران خان سے علاحدگی کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم نے علاحدگی کے لئے کیس فائل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔'
We have decided to part ways and file for divorce.
— Reham Khan (@RehamKhan1) October 30, 2015
واضح رہے کہ پاکستان کے معروف صحافی عارف نظامی نے کوئی ڈیڑھ ایک ماہ قبل ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دونوں میان بیوی کے درمیان طلاق ہونے کی سب سے پہلے خبر دی تھی لیکن عمران خان اس کی تردید کرتے رہے تھے اور اب اس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
اپنَے الگ ٹویٹ میں عمران خان نے اپنی دوسری شادی کے خاتمے کو اپنے اور خاندان کے لئے انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے درخواست کی ہے کہ ان کی نجی زندگی کے معاملات پر زیادہ بات نہ کی جائے۔
This is a painful time for me & Reham & our families. I would request everyone to respect our privacy.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 30, 2015
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ریحام خان بنی گالہ میں تحریک انصاف کی سرگرمیوں سے بہت پریشان تھیں اور انہوں نے اسد عمر کا داخلہ بھی بنی گالہ میں بند کر دیا تھا اور دو روز قبل ریحام عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے برطانیہ روانہ ہو گئی تھیں۔