.

ٹی 20 عالمی کپ : پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف جیت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنا منٹ کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 55 رنز سے شکست دے دی ہے۔

بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر201 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر بلے بازوں شرجیل خان اور احمد شہزاد نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔شرجیل خان صرف 10 گیندوں پر 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔احمد شہزاد 39 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آنے والے محمد حفیظ نے بھی جارحانہ اور ذمے دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور وہ 42 گیندوں پر 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی آج طویل عرصے کے بعد بھرپور فارم میں نظر آئے اور انھوں نے صرف 19 گیندوں پر 49 رنز بنائے۔ان کی اننگز میں چار چوکے اور چار چھکے شامل تھے لیکن وہ صرف ایک رن کی کمی سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے۔اگر وہ آؤٹ نہ ہوتے اور پچاس رنز بنا لیتے تو پاکستان کی جانب سے ٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں یہ پہلی تیز ترین نصف سینچری ہوتی۔عمر اکمل صفر پر پویلین کو لوٹ گئے اور شعیب ملک 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم میچ جیتنے کے لیے درکار 202 رنز کے ہدف کے جواب میں مقررہ بیس اوورز میں چھے وکٹ کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی اور اس کے بلے باز پاکستانی باؤلروں کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے جارحانہ انداز میں کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔

بنگلہ دیش کے اسٹار بلے باز شکیب الحسن نے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کے فاسٹ باؤلرز محمد عامر اور شاہد آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔محمد عرفان اور عماد وسیم نے ایک ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔شاہد آفریدی کو ان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔