.

رسالپور اکیڈیمی میں نان جی ڈی کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

عراقی فضائیہ کے سربراہ مہمان خصوصی تھے، 17 عراقی کیڈٹس بھی کامیاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان فضائیہ کے 116 ویں نان جی ڈی کیڈیٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ بدھ کی صبح رسالپور میں منعقد ہوئی۔ پریڈ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایر چیف سہیل امان موجود تھے جبکہ عراقی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل انور حامد امین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر پاکستان اور عراق کے قومی ترانے بجائے گئے۔

مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل انور حامد امین کمانڈر عراقی ائیر فورس نے گارڈ آف آنر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بینڈ فضا میں مسحور کن دھن بکھیرتا رہا، کیڈٹس کے چاق چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی دی۔ اس موقع پر پاس آئوٹ ہونے والے نان جی ڈی کیڈٹس نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ ساتھ ہی پاک فضائیہ کی کی شیر دل ٹیم نے شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا اور پیش وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرکے شرکا کو داد دینے پر مجبور کردیا۔

مشترکہ تربیت حاصل کرنے والے پاکستانی اور عراقی کیڈیٹس کو بہترین کارکردگی دکھانے پر میڈیلز اور ٹرافیاں دی گئی۔ اس موقع پر عراقی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل انور حامد امین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی پریڈ میں شرکت میرے لئے خوشی کا باعث ہے۔ مستقبل میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ دونوں ملکوں کے تعلقات مذہب کے مضبوط رشتے سے بندھے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان فضائیہ کے ایر چیف مارشل سہیل امان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فضائیہ دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ سہیل امان کا کہنا تھا کہ تربیت کے اعلیٰ معیار پر رسالپور کے کمانڈر قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرائض کی بجا آوری کے ساتھ کیڈٹس اپنی تعلیمی استعداد پر بھی توجہ دیں۔ انہوں نے پاس آوٹ ہونے والے تمام کیڈیٹس کو بھی ٹریننگ مکمل ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے کیڈٹس کو ہدایت کی کہ قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے سخت محنت کریں۔

تقریب میں 53 پاکستانی جبکہ 17عراقی کیڈٹس پاس آئوٹ ہوئے۔ مہمان خصوصی نے پاس آ ئوٹ ہونے والے کیڈٹس کو بیجز لگائے اور اعلی کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔