.

پاکستان میں شوّال کا چاند نظر آگیا، بدھ کو عید الفطر منانے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان میں شوّال المکرم کا چاند نظر آگیا ہے۔چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے لاہور میں میڈیا کانفرنس میں شوال کا چاند نظر آنے اور بدھ 6 جولائی کو ملک بھر میں عیدالفطر منانے کا اعلان کیا ہے۔

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے منگل کی شام لاہور میں مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا، جبکہ کراچی ،کوئٹہ ،پشاور اور اسلام آباد میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔لاہور میں مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے دوران ایک موقع پر بدمزگی بھی پیدا ہوگئی جب بعض میڈیا افراد کی جانب سے شوال کا چاند دیکھنے سے متعلق شہادتوں کی اطلاع دی گئی۔

مفتی منیب الرحمان بعض حضرات کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے بھی نالاں ہوئے اور انھوں نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے،اس لیے شہادتوں کی مکمل چھان بین کے بعد رمضان کے اختتام اور شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا جائے گا۔چنانچہ رات کوئی ساڑھے نو بجے کے قریب صوبہ سندھ کے بعض علاقوں سے شوال کا چاند نظر آنے کی اطلاع ملنے کے بعد عید کا اعلان کیا گیا ہے۔اس وقت تک ملک کے بیشتر علاقوں میں لوگ مساجد میں فرض نماز کے بعد تراویح بھی شروع کر چکے تھے۔

قبل ازیں سعودی عرب میں حکام نے بدھ کو عیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا اور وہاں آج منگل کو تیسواں روزہ تھا۔واضح رہے کہ گذشتہ کئی برسوں کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں ایک ہی دن عید الفطر منائی جارہی ہے۔البتہ پاکستان میں انتیس روزے ہوئے ہیں۔

بھارت اور بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں مذہبی حکام نے پہلے ہی جمعرات کو عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا تھا۔سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات ،اردن ،عراق ،بحرین اور دوسرے عرب ممالک میں بھی بدھ کو عید الفطر منائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ بہت سے عرب ،یورپی اور براعظم امریکا کے ممالک میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہی عیدالفطر منائی جاتی ہے اور ان ممالک میں سعودی عرب اور یواے ای کی جانب سے ہی نئے ہلال کی رؤیت کے اعلان کا اعتبار کیا جاتا ہے۔