.

وزیراعظم کی ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر امریکا منتخب ہونے پر مبارک باد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وزیراعظم میاں نواز شریف نے امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی تاریخی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر متوقع اور حیران کن طور پر صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے اور اپنی حریف ڈیمو کریٹک پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن کو شکست سے دوچار کیا ہے۔ان کی اس جیت پر امریکا اور پوری دنیا ہی حیران وپریشاں رہ گئی ہے کیونکہ رائے عامہ کے جائزوں میں ہلیری کلنٹن کی جیت کی پیشین گوئی کی جارہی تھی۔

مسٹر ٹرمپ نے کل 538 الیکٹورل ووٹوں میں سے کم سے کم 290 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ انھیں سادہ اکثریت سے کامیابی کے لیے 270 ووٹ درکار تھے۔ان کی حریف ہلیری کلنٹن نے الیکٹورل کالج کے 218 ووٹ حاصل کر سکی ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا صدر منتخب ہونا دراصل امریکی عوام اور ان کے جمہوریت ، آزادی ،انسانی حقوق اور آزاد روی کے آئیڈیلز پر یقین کی جیت ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا تزویراتی شراکت دار ہیں۔ وہ جمہوریت ،آزادی ،باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط شراکت پورے خطے میں پائیدار امن ،سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہے۔

وزیراعظم نے امریکا کی نئی قیادت کے ساتھ مل جل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاکہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لایا جاسکے اور دوطرفہ شراکت کو خطے اور اس سے ماورا امن ،سلامتی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لایا جا سکے۔