.

پاکستان کا آبدوز سے کروز میزائل بابرسوم کا کامیاب تجربہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان نے آبدوز سے چلائے جانے والے کروز میزائل ''بابر سوم'' کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل آصف غفورکے مطابق کروز میزائل بابر سوم 450 کلومیٹر تک مار کرنےکی صلاحیت رکھتا ہے۔ تجربے کے وقت اس میزائل نے اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا ہے۔ یہ میزائل جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

یہ میزائل بحر ہند میں کسی نامعلوم مقام سے زیر آب آبدوز سے چلایا گیا تھا۔ بابر سوم کروز میزائل بابر دوم کا بحری متبادل ہے۔بابر دوم زمین سے فضا میں چلایا جانے والا میزائل ہے اور دسمبر مِیں پاکستان نے اس کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق بابر سوم جدید اسٹیلتھ ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے۔یہ زیر آب بھی جدید رہ نما خصوصیات کا حامل ہے۔دشمن کے ریڈارز اور فضائی دفاعی نظام اس کا سراغ نہیں لگا سکتے۔

کروز میزائل ’’بابرسوم'' کے کامیاب تجربے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ نے قوم اور تجربہ کرنے والی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔ وزیراعظم میاں نوازشریف نے بھی اس میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارک باد دی ہے اور اس کو پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔