.

لاہور: ڈیفنس کی کمرشل مارکیٹ میں دھماکا، 10 افراد جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک مصروف کمرشل مارکیٹ میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ دھماکا شہر کے پوش علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے وائی بلاک میں واقع کمرشل مارکیٹ میں ایک زیر تعمیر عمارت کے اندر ہوا اور اس کی شدت کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔دھماکے میں زخمی افراد کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے دھماکے کی جگہ کا گھیراؤ کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے اب تک متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔حکومتِ پنجاب کے حکام نے ابتدا میں یہ کہا تھا کہ دھماکا ایک جنریٹر کے پھٹنے سے ہوا ہے۔بعد میں پنجاب پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھماکا ایک بم پھٹنے کے نتیجے میں ہوا ہے اور تحقیقات کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ اس حملے میں کس قسم کا بم استعمال کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 13 فروری کو لاہور کی مال روڈ پر چیئرنگ کراس کے مقام پر ایک خودکش بم حملے میں اعلیٰ پولیس افسروں سمیت چودہ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں حالیہ چند ہفتوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے اور ان میں اب تک 100 سے زیادہ افراد جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔