پاکستان سُپر لیگ کا فائنل لاہور ہی میں ہوگا

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

صوبہ پنجاب کی حکومت نے کہا ہے کہ پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل شیڈول کے مطابق پانچ مارچ کو لاہور ہی میں منعقد ہوگا۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے سوموار کی شام پنجاب حکومت کے اس فیصلے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل میچ منعقد کرانے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں ٹورنا منٹ کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

اس اعلان کے بعد پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ فائنل میچ کے ٹکٹوں کی فروخت منگل سے شروع ہوجائے گی اور یہ آن لائن بھی دستیاب ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ ہمیں تین مارچ کا انتظار کرنا ہوگا اور تب پتا چلے گا کہ کون سے غیرملکی کھلاڑی لاہور آئیں گے کیونکہ ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ کون سی دو ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی اور لاہور میں مد مقابل ہوں گی۔

نجم سیٹھی نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کی پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کے فیصلے پر تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ تمام صوبائی اور وفاقی حکام اور سکیورٹی فورسز ایک ہی صفحے پر ہیں اور اس فیصلے سے ظاہر ہے کہ ملک کو دہشت گردی سے یرغمال نہیں بنایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں شاید منعقد نہ ہوسکے۔پاکستان سپر لیگ اس وقت دبئی میں جاری ہے اور اس میں پانچ پاکستانی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ان کی جانب سے نمایاں غیرملکی کرکٹر بھی کھیل رہے ہیں۔ان میں سے بعض قبل ازیں پاکستان میں فائنل کھیلنے سے انکار کرچکے ہیں۔

پنجاب حکومت نے قذافی اسٹیڈیم کے آس پاس کے علاقوں میں پانچ مارچ تک ہر قسم کی تقریبات منعقد کرنے پر پابندی عاید کررکھی ہے اور اسٹیڈیم کے اندر اور باہر کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے قبل ازیں کہا تھا کہ لاہور میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے باوجود بورڈ کی یہ خواہش ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل صوبائی دارالحکومت ہی میں منعقد ہو۔تاہم انھوں نے دوٹوک انداز میں کہا تھا کہ اس سلسلے میں حتمی فیصلے کا اختیار حکومت کے پاس ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں