.

کویت نے پاکستانیوں کے لئے ویزا سروس بحال کر دی

چھے برس سے پاکستانیوں کے کویت کے ویزا پر پابندی عائد تھی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کویت نے پاکستانیوں کے لئے گذشتہ چھے سال سے بند ویزے بحال کردیے جب کہ دونوں ملکوں نے مشترکہ بزنس کونسل بنانے سمیت پانچ دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے امیر کویت شیخ صباح احمد الجابر الصباح سے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات میں شرکت کی۔ کویت کے سفیرعبدالرحمٰن کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستانیوں پر 6 سال سے عائد ویزا پابندیاں اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دفاع، توانائی، زراعت، تعمیرات، پولٹری، لائیواسٹاک اور فشریز کے شعبوں میں دونوں ملکوں میں تعاون کے وسیع ترمواقع موجود ہیں اور اس حوالے سے تعاون کے لئے دونوں ممالک کے درمیان اجلاس ہونے چاہئیں۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا اورمختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

وزیراعظم کے دورہ کویت کے بارے میں اسلام آباد سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد پاکستانی کویت میں مقیم ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔ اس سے پاکستان کی جانب سے کویت کے ساتھ تعلقات کودی جانے والی اہمیت کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔ دونوں ملک طویل عرصے سے اقتصادی اور تجارتی شراکت دار رہے ہیں اور پاکستان کویت کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید بڑھانے کا خواہشمند ہے۔