.

پاکستانی فوج نے داعش کا نیٹ ورک بنانے کی کوشش ناکام بنا دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں کامیاب آپریشن کے تحت 'داعش' کا انفرااسٹرکچر بنانے کی کوشش ناکام بنا دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے مستونگ میں یکم سے تین جون تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی مزید تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ کے علاقے سپلنجی کے غاروں میں 10 سے 15 دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران 12 دہشت گرد مارے گئے تھے جب کہ سیکیورٹی فورسز کے 2 افسران سمیت 5 اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کالعدم لشکر جھنگوی العالمی کے دہشتگرد شامل تھے، جو بلوچستان میں داعش کے ٹھکانوں کے لیے سہولت فراہم کرنا چاہتے تھے اور داعش سے رابطوں کی کوشش کر رہے تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں نے غار میں بم بنانے کی فیکٹری بھی بنا رکھی تھی۔ 12 مئی کو ڈپٹی چئیرمین مولانا عبدالغفور حیدری پر کئے گئے حملے کا مواد اسی غار میں تیار کیا گیا تھا اور خود کش حملہ آور کو بھی اسی کمین گاہ سے بھیجا گیا تھا۔