.

پاکستان کرکٹ ٹیم برطانیہ کو ہرا کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کی کرکٹ ٹیم برطانیہ کو آٹھ وکٹ سے ہراکر پہلی مرتبہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

کارڈیف میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔برطانوی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.5 اوورز میں 211 رنز بنا سکی تھی۔پاکستانی ٹیم نے صرف دو وکٹ کے نقصان پر 37.1 اوورز میں یہ ہدف حاصل کر لیا۔اب اس کا اتوار کو لندن کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ اوول میں دوسرے سیمی فائنل میں جیتنے والی ٹیم سے مقابلہ ہوگا۔برمنگھم میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا سیمی فائنل آج جمعرات کو کھیلا جارہا ہے۔

پاکستانی ٹیم کے دونوں اوپنر بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گذشتہ کئی سال کے بعد پہلی مرتبہ پہلی وکٹ کی شراکت میں ایک سو سے زیادہ (118) رنز بنائے۔اظہر علی نے ذمے دارانہ بلے بازی کی اور وہ 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور دوسرے اوپنر فخر زمان 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس سے پہلے برطانوی اننگز کے دوران میں پاکستانی باؤلر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور برطانوی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے اور زیادہ رنز بنانے کا موقع نہیں دیا۔ میزبان برطانوی ٹیم نے اپنے تینوں پول میچ جیتے تھے اور اس کو سیمی فائنل میں فیورٹ قرار دیا جارہا تھا لیکن اس کے بلے باز پاکستانی باؤلروں کی نپی تلی باؤلنگ اور شاندار فیلڈنگ کے سامنے زیادہ بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔

حسن علی نے برطانیہ کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔اس اہم میچ میں کوئی بھی برطانوی بلے باز پچاس رنز کا ہندسہ عبور نہیں کر سکا اور نہ کسی نے چھکا لگایا ہے۔برطانوی ٹیم نے ابتدا میں اچھی بلے بازی کی اور اس نے صرف دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 128 رنز بنا لیے تھے لیکن بعد میں آنے والے کھلاڑی ایک سو سے بھی کم اسکور کر سکے اور پوری ٹیم 211 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔