.

پاکستان بھارت کو ہرا کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلی مرتبہ فاتح

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں بھارت کو 180 رنز سے ہرا دیا ہے اور پہلی مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹھہری ہے۔بھارت کی کسی بین الاقوامی ٹورنا منٹ میں یہ سب سے عبرت ناک شکست ہے۔

پاکستانی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 6.76 رنز فی اوور کی اوسط سے 338 رنز بنائے تھے۔اس کے جواب میں بھارت کی پوری ٹیم 30.3 اوورز میں 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ہے۔

لندن کے تاریخی اوول میدان میں اتوار کو کھیلے جانے والے اس فائنل میچ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔پاکستانی بلے بازوں نے آج بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔دونوں اوپنر بلے بازوں اظہر علی اور فخر زمان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 128 رنز بنائے۔اظہر علی 59 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان نے اس اہم میچ میں اپنی سابقہ کارکردگی کو جاری رکھا اور انھوں نے 106 گیندوں پر 114 رنز بنائے۔وہ پانڈیا کی گیند پر جدیجا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔یہ ان کی ایک روزہ میچوں میں پہلی سینچری ہے۔انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے۔

پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے ۔ وہ صرف 12 رنز بنا سکے۔بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔وہ یادیو کی گیند پر یوراج سنگھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے تجربے کار کھلاڑی محمد حفیظ نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور وہ 37 گیندوں پر 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ہیں۔ان کے ساتھ عماد وسیم 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ہیں۔

بھارتی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اس اہم فائنل میچ میں بلے بازی میں بری طرح ناکام رہی ہے اوراس کے اوپنر بلے باز روہیت شرما کوئی رن بنائے بغیر محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے ۔

اس کے بعد کپتان ویرات کوہلی صرف پانچ رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر شاداب کی گیند پر آؤٹ ہوگئے اور پھر کوئی بھی بھارتی بلے باز جم کر پاکستانی باؤلروں کا مقابلہ نہ کرسکا۔بھارت کی جانب سے ایچ ایچ پانڈیا نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور حسن علی نے تین تین بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جنید خان نے ایک اور شاداب خان نے دو بھارتی بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔حسن علی کو ان کی شاندار کارکردگی پر آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنا منٹ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے۔انھوں نے اس ٹورنا منٹ میں مجموعی طور پر 13 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی ٹیم : اظہر علی ، فخرزمان ، بابر اعظم ، محمد حفیظ ، عماد وسیم ،شعیب ملک ، سرفراز احمد ( کپتان اور وکٹ کیپر) ،محمد عامر ، شاداب خان ، حسن علی اور جنید خان۔

بھارتی ٹیم : روہیت شرما ، شیکھر دھاون ، ویرات کوہلی ( کپتان) ، یووراج سنگھ ،مہندرا سنگھ دھونی ( وکٹ کیپر) کم ،ایم یادیو ،ہردیک پانڈیا ،آر اے جدیجا ، آر آشون ،بی کمار اور جے جے بمراہ۔

پاکستان نے اس میچ کے لیے صرف ایک تبدیلی کی تھی اور باؤلر رومان رئیس کی جگہ محمد عامر کو شامل کیا گیا تھا۔باقی ٹیم وہی تھی جس نے سیمی فائنل میچ میں برطانیہ کی ٹیم کو ہرایا تھا۔بھارت نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔

پاکستان کے اوپنر بلے باز فخرزمان نے بھارت کے خلاف فائنل میچ میں 114 رنز بنائے ہیں۔انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے۔
پاکستان کے اوپنر بلے باز فخرزمان نے بھارت کے خلاف فائنل میچ میں 114 رنز بنائے ہیں۔انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے۔