.

اسلام آباد: سینئر صحافی احمد نورانی نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں کثیر الاشاعت معاصر انگریزی اخبار ‘دی نیوز’ کے سینئر رپورٹر احمد نورانی کو نامعلوم افراد نے حملہ کرکے زخمی کردیا۔ وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق احمد نورانی اپنی گاڑی میں راولپنڈی سے اسلام آباد آرہے تھے کہ اسلام آباد کے داخلی راستے زیرو پوائنٹ انٹرچینج پر 3 موٹرسائیکلوں پر سوار افراد نے ان گاڑی کو روکا اور چابی نکال لی۔

چینل کے مطابق ملزمان نے احمد نورانی اور ان کے ڈرائیور کو زد و کوب کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران لوگ وہاں جمع ہوگئے جنہیں دیکھ کر حملہ آور فرار ہوگئے۔ حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہوسکی۔

احمد نورانی اور ان کے ڈرائیور کو زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ احمد نورانی پر حملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کے کیمروں کی ریکارڈنگ محفوظ کی جائے اور احمد نورانی پرحملہ کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

یاد رہے اسی میڈیا گروپ سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر صحافی حامد میر کو بھی چند برس قبل کراچی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔