.

بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی اکلوتی بیٹی ڈینا واڈیا چل بسیں!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی اکلوتی مگر عاق شدہ بیٹی ڈینا واڈیا جمعرات کو امریکا کے شہر نیویارک میں چل بسی ہیں۔ ان کی عمر 98 سال تھی۔ممبئی اور نیویارک میں ان کے خاندان کے ذرائع ان کی موت کی تصدیق کردی ہے۔

جناح آف پاکستان کے مصنف اسٹینلے والپرٹ کے مطابق ’’وہ 1919ء میں 14 اور 15 اگست کی درمیان شب رتن بائی جناح کے ہاں پیدا ہوئی تھیں۔انھوں نے محمد علی جناح کی ایک اور ’’اولاد‘‘ پاکستان کی پیدائش سے ٹھیک 28 سال پہلے اس دنیا میں آنکھ کھولی تھی‘‘۔

قائد اعظم محمد علی جناح بہ ذات خود اور ان کی بہن محترمہ فاطمہ جناح نے ڈینا کی پرورش کی تھی لیکن جب انھوں نے صرف سترہ سال کی عمر میں ایک پارسی نوجوان نویل واڈیا سے محبت کی شادی کرلی تو دونوں باپ بیٹی کی راہیں جد ا ہوگئی تھیں اور قائد اعظم نے اپنی اس اکلوتی بیٹی کو عاق کردیا تھا۔

ڈینا اور نویل بمبئی ( اب ممبئی) میں رہتے رہے تھے۔ان کے ہاں ایک بیٹا اور ایک بیٹی پیدا ہوئی تھی اور پھر ان دونوں میں طلاق ہو گئی تھی۔ڈینا پہلی مرتبہ ستمبر 1948ء میں اپنے والد کے انتقال کے وقت پاکستان آئی تھیں اور ان کی تجہیز وتکفین میں شرکت کی تھی۔ وہ 2004ء میں اپنے بیٹے نسلی واڈیا اور پوتوں جہانگیر اور نیس کے ساتھ آخری مرتبہ پاکستان آئی تھیں۔

انھوں نے کراچی میں مزارِ قائد پر حاضری دینے کے بعد مہمانوں کی کتاب میں اپنے یہ تاثرات قلم بند کیے تھے:’’ میرے لیے یہ بہت افسوس ناک اور شاندار لمحہ بھی ہے۔اللہ کرے پاکستان کے لیے ان کا خواب سچ ثابت ہو‘‘۔