.

"شاہ سلمان کا کرپشن کے خلاف اعلان جنگ امت مسلمہ کے لئے نیک شگون ہے"

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا بدعنوانی کے خلاف اعلان جنگ امت مسلمہ کےلئے نیک شگون اور اسلامی دنیا کے لئے قابل تقلید اقدام ہے۔

معاصر آن لائن پورٹل کے مطابق انھوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ محمد علی درانی نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں انسداد بدعنوانی کے ادارے کا قیام معاشرے سے کرپشن کے خاتمے اور بلاامتیاز قانون کی حکمرانی کےلئے سعودی حکومت کے پختہ عزم کا اظہار ہے۔ اس ادارے نے کرپشن کے خلاف اعلیٰ ترین سطح پر بھرپور ایکشن سے مثال قائم کرکے اسلامی دنیا کو رہنمائی فراہم کی ہے۔ پوری دنیا کے لئے یہ واضح پیغام ہے کہ مسلمان بدعنوانی سے اتنی ہی نفرت کرتے ہیں جس قدر دہشت گردی اور انتہا پسندی سے۔ سعودی اقدام سے امت مسلمہ بھی کرپشن اور کالے دھن کے خلاف پہلے سے موجود عالمی اتحاد کا حصہ بن گئی ہے۔

ولی عہد محمد بن سلمان کے اقدام سے سعودی عرب کا مثبت چہرہ عالمی برادری کے سامنے آیا ہے۔ درانی نے کہاکہ اکثر اسلامی ممالک کے عوام اپنے حکمرانوں کی بدترین لوٹ مار کی سزا بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے وقت میں سعودی قیادت کے اس جراتمندانہ اقدام کی پاکستان کے عوام بھرپور تائید وحمایت کرتے ہیں کیونکہ بدانتظامی اور بدعنوانی ہمارے تمام مسائل کی جڑ ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے سعودی علماء کو حکومتی اقدامات کی تائید اور کرپشن کو دہشت گردی جیسا بدترین فعل قرار دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پوری اسلامی دنیا میں علماء کرام اس موقف کی تائید کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے گی۔