.

سانحہ بلدیہ: دبئی میں گرفتار مرکزی ملزم حماد صدیقی پاکستان کے حوالے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم اور ایم کیو ایم کی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کی گرفتاری کے لیے عدالت نے انٹرپول سے رابطے کا حکم دیا تھا جس پر ملزم کو رواں برس اکتوبر میں دبئی سے گرفتار کیا گیا، ملزم کی پاکستان حوالگی کے لیے ضروری کارروائی کی جا رہی تھی۔

ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کر دیا ہے، ملزم کو خفیہ ادارے کے سپرد کیا گیا اور اسے پاکستان لایا جاچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق حماد صدیقی کی حوالگی باہمی انٹیلی جنس تعاون کا نتیجہ ہے اور اس میں نارمل چینلز کو استعمال نہیں کیا گیا بلکہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی حوالگی کی طرز پر ہی یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ حماد صدیقی کو مناسب وقت پر سامنے لایا جائے گا اور عدالت میں بھی پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بلدیہ کی ٹیکسٹائل فیکڑی میں ستمبر 2012 میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 250 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔