.

شریف برادران کی سعودی ولی عھد محمد بن سلمان سے ملاقات

سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کی مدد کرتا ہے: وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کے چھوٹے بھائی وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں ملاقات کی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ملاقات کے بعد سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گئے۔

ترجمان شریف فیملی کا کہنا ہے کہ ملاقات تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔ ملاقات کے بعد نوازشریف حاضری کیلئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے طیارے پر مدینہ منورہ گئے۔ نواز شریف نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری بھی دی۔ حاضری کے بعد دوبارہ واپس جدہ روانہ ہوگئے ۔

ترجمان کے مطابق نوازشریف آج دوپہر اسلام آباد روانگی سے پہلے عمرے کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ جائیں گئے جبکہ شہباز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب چھ دن پہلے سعودی عرب گئے تھے-

درایں اثنا لاہور کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کےدورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب اس دنیا میں ہمارا بہترین دوست ملک ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان پر اندھا اعتماد کیا ہے۔ سعودی عرب سے رشتہ بناوٹی رشتہ نہیں ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا بہترین دوست ہے۔ اُس نےہمیشہ پاکستان کی مدد کی۔

دورے سے متعلق صحافیوں کے سوال پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس کے لیے جلد ہی الگ پریس کانفرنس کروں گا۔