.

نامور شیف زبیدہ طارق انتقال کر گئیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کی مشہور شیف زبیدہ طارق المعروف زبیدہ آپا دل کا دورہ پڑنے کے باعث کراچی میں انتقال کر گئیں۔ انکی نماز جنازہ آج بروز جمعہ ڈیفنس میں سلطان مسجد میں ادا کی جائے گی۔ زیبدہ آپا کی عمر 72 سال تھی۔

زبیدہ آپا کے انتقال کی تصدیق ان کے بھائی مشہور دانشور انور مقصود نے کی۔ ان کا کہنا ہے کہ زبیدہ آپا کچھ دنوں سے علیل تھیں۔ گذشتہ روز طبیعت زیادہ ناساز ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم آج وہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔

زبیدہ آپا کے نام سے مشہور زبیدہ طارق 4 اپریل 1945 کو حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئیں۔ 1947 میں تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان پاکستان منتقل ہوگیا تھا۔ زبیدہ آپا کا شمار پاکستان کی صف اول کی شیف میں ہوتا ہے۔ وہ کئی عشروں تک پاکستان کے مختلف ٹی وی چینلز پر کوکنگ شوز کرتی رہیں، جبکہ وہ امور خانہ داری کی بھی ماہر تھیں۔ مختلف مسائل کے حل کیلئے ان کے گھریلو ٹوٹکے بہت مشہور تھے۔ ٹی وی شوز میں ان کے بتائے ہوئے دیسی ٹوٹکوں نے زبیدہ آپا کی شہرت کو چار چاند لگ دیئے تھے۔

ان کی شہرت کا اندازہ اس طرح بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ٹیلی ویژن پر طنز ومزاح کے پروگراموں میں ان کی نقل کی جاتی تھی اور سوشل میڈیا پر ان کے نام سے کئی مزاحیہ اکاونٹ چل رہے تھے۔