.

وزیر اعظم پاکستان شاہ عبداللہ دوم کا باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اردن کے شاہ عبداللہ دوم ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ صدر ممنون حسین کی دعوت پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

اسلام آباد پہنچنے پر شاہ عبداللہ دوم کا شاندار استقبال کیا گیا اور وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے ان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر طیاروں نے سلامی پیش کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے میں شاہ عبداللہ صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقاتیں کرینگے۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور اردن کے دو طرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔

پاکستان اور اردن کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک مسلم امہ سمیت علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ نکتہ نظر رکھتے ہیں۔ اردن کے شاہ عبداللہ کی پاکستان آمد سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کے درمیان اسلام آباد میں بات چیت کا ایک دور ہوا۔ فریقین نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے مفاہمت کی دو یاداشتوں پر بھی دستخط کئے۔

مفاہمت کی پہلی یاداشت سول تحفظ اور سول دفاع میں تعاون سے متعلق ہے۔ اس یاداشت پر وزیر خارجہ خواجہ آصف اور اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفدی نے دستخط کئے۔ مفاہمت کی دوسری یادداشت ہائوسنگ کے شعبے میں تعاون سے متعلق ہے جس پر ہائوسنگ کے وزیر اکرم خان درانی اور اردن کے وزیرخارجہ نے دستخط کئے۔ اس سے پہلے وزیراعظم کے دفتر میں آمد پر اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔