.

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اور فاروق ستار نے ایک دوسرے کو فارغ کردیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان موجود اختلافات میں مزید شدت دیکھنے میں آئی ہے جب بہادر آباد گروپ نے رابطہ کمیٹی کا اجلاس بلا کر کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کو برطرف کر دیا اور خالد مقبول کو نیا کنوینر منتخب کرلیا۔ اس کے جواب میں فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی ہی برطرف کر ڈالی اور انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کروانے کا اعلان کردیا۔

فاروق ستار نے اتوار کے روز جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے 17 فروری کو پارٹی انتخابات کا اعلان کیا جس میں نئی رابطہ کمیٹی کے ممبران منتخب کئے جائیں گے۔

فاروق ستار کی برطرفی

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو پارٹی کنوینر کے عہدے سے برطرف کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کو کنوینر مقرر کردیا۔

اس بات کا اعلان ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ارکان نے اتوار کے روز بہادر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

ایم کیو ایم کے بہادر آباد گروپ نے کہا کہ یہ فیصلہ ہمارے لیے بہت تکلیف دہ ہے لیکن ہم مجبور ہیں اور فاروق ستار کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی کنوینر شپ سے برطرف کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان میں سینیٹ کی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پارٹی کنوینر اور سربراہ فاروق ستار کی پارٹی کے دیگر سینئیر رہنمائوں اور رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ساتھ اختلافات سامنے آئے تھے۔