.

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی شیخ الازہر ڈاکٹر احمدالطیب سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں جامعہ الازہر کے سربراہ ڈاکٹر احمدالطیب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے اس تاریخی دانش گاہ کی علمی خدمات کو سراہا اور کہا کہ الازہر اسلام کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے ، وہ ایک ہزار سال سے امت مسلمہ کا متفقہ ادارہ ہے ، اسے ہمیشہ احترام کی نظر سے دیکھا گیا ہے اور دیکھا جاتا رہے گا۔

شیخ الازہر ڈاکٹر احمدالطیب نے سردار محمد یوسف کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی وزارت کے تحت ہونے والے علمی کاموں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے جنگ میں کامیابی حاصل کر لی ہے ، مصر اور پاکستان کے مشترکہ دشمن انتہا پسندی اور دہشت گردی ہیں ، اب دونوں ملک مل کر اس دشمن کے خلاف جہاد کریں گے۔

شیخ الازہر نے پاکستانی طلبہ کے لیے جامعہ کے پچاس وظائف دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ وظائف وزارت مذہبی امور کے ذریعے دیے جائیں گے تاکہ پاکستان سے آنے والے طلبہ بآسانی جامعہ الازہر میں تعلیم حاصل کر سکیں۔ انھوں نے پاکستانی علماء کے لیے تربیتی کورسز کے اجرا اور اسلام آباد میں ایک لسانی مرکز (لینگویج سنٹر )قائم کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

سردار محمد یوسف نے اس ملاقات پر شیخ الازہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تعلیمی پروگرام سے جہاں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مستحکم ہوں گے، وہیں دہشت گردی اور انتہا پسندی پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔