بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ سے دو پاکستانی فوجی شہید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

بھارتی فوجیوں کی کنٹرول لائن کے پار سے پاکستان کے زیر انتظام ریاست آزاد جموں وکشمیر کے بھمبر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے پاک آرمی کے دو جوان شہید ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بھارتی فوجیوں نے بدھ کو آزاد جموں وکشمیر کے جنوبی ضلع بھمبر میں کنٹرول لائن کے پار سے بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔ پاکستانی فوجیوں نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا بھرپور اور مسکت جواب دیا ہےاور اس سے بھارتی سرحدی چوکیوں کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاع ملی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایک فوجی کی شناخت محمد منیر چوہان کے نام سے کی ہے۔اس کی عمر بتیس سال تھی اور وہ آزاد کشمیر کے ضلع حویلی کی تحصیل فارورڈ کہوٹہ میں واقع گاؤں راکڑی چوہان کا رہنے والا تھا۔دوسرے شہید فوجی کانام عامر حسین تھا۔اس کی عمر اٹھائیس سال تھی اور وہ ضلع بھمبر کی تحصیل سماہنی کے ایک گاؤں ڈنا کا رہنے والا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت کے زیر انتظام ریاست مقبوضہ جموں وکشمیر سے بھارتی فوجی لائن آف کنٹرول کے پار سے آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹروں میں واقع علاقوں پر آئے دن فائرنگ اور گولہ باری کرتے رہتے ہیں ۔آزاد کشمیر کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق اس سال کے آغاز کے بعد سے بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری سے چودہ شہری شہید اور باسٹھ زخمی ہوچکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں