.

آزاد کشمیر میں ٹریفک حادثہ، نو افراد جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کنٹرول لائن سے ملحق کھلانہ نامی قصبے کے قریب ایک مسافر جیپ گہری کھائی میں گرنے سے نو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔

محکمۂ صحت کے افسر ڈاکٹر طاہر رحیم نے بتایا ہے کہ جیپ مسافروں کو لے کر کنٹرول لائن سے ملحق گاؤں شکنجہ کھلانہ سے چکوٹھی آ رہی تھی جب فنی خرابی کے باعث بے قابو ہو کر تقریباً 1500 فٹ نیچے نالے میں جا گری۔

حادثے کے نتیجے میں چار خواتین سمیت نو افراد موقع پر ہی موت کا شکار ہو گئے جب کہ چھ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

ڈاکٹر طاہر نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مظفر آباد اور ہٹیاں بالا کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

جائے حادثہ پر امدادی کاروائیوں میں حصہ لینے والے رضاکار نے بتایا کہ حادثے کے بعد مقامی افراد، فوج اور محمکۂ صحت اور ریسکیو 1122 کے عملے نے امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ جیپ پر 16 افراد سوار تھے۔