.

پارلیمنٹ پاکستان-امارات تعلقات کے فروغ میں فعال کردار ادا کرے گی: سنجرانی

"پاکستانیوں کی بڑی تعداد متحدہ عرب امارات کی ترقی میں کردارادا کر رہی ہے"

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کے فروغ میں فعال کردار ادا کرے گی۔

انھوں نے یہ بات متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزبیح سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ سینیٹ کے چیئرمین نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پارلیمانی روابط کو مضبوط کیا جائے گا اور اقتصادی تعاون میں فروغ کیلئے مواقع کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار پاکستان کی سیکورٹی کی بہتر صورتحال سے استفادہ کرتے ہوئے چین پاکستان اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ سمیت مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں جن کا مقصد تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک کی روایات، مذہبی اقدار اور سماجی خواہشات مشترک ہیں اور انہوں نے نہ صرف بین الاقوامی امور بلکہ ترقیاتی ایجنڈے میں بھی ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد متحدہ عرب امارات کی ترقی میں کردارادا کر رہی ہے جبکہ متحدہ عرب امارات اقتصادی ترقی اور سماجی بہتری کے اقدامات کیلئے پاکستان سے تعاون کر رہا ہے۔