.

ڈیرہ اسماعیل خان میں دھماکا، 2 پولیس اہلکار جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے شمالی مغربی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کے ضلعی افسر"ڈی پی او" کے قافلے میں شامل پولیس وین کے قریب دھماکے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل کے اسکواڈ میں شامل وین کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں ڈی پی او کے گن مین سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 2 پولیس اہلکار دم توڑ گئے۔

جاں بحق ہونے والے اہل کاروں کی شناخت فخر اللہ اور ملازم کے نام سے ہوئی ہے جب کہ گن مین زخمی ہے جسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ کیا، حملے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور جائے دھماکا سے ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے گئے۔