.

پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام لاہور میں تیسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام تیسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس سوموار کو لاہور میں ہو رہی ہے۔ اس کانفرنس میں مختلف اسلامی ممالک کے سفراء اور ملک بھر سے 5000 سے زائد علماء و مشائخ شریک ہوں گے۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مسلم امہ کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ انتہا پسند اور دہشت گرد تنظیموں کے عزائم کو ناکام بنانے کےلیے مسلم علماء اور مفکرین کو متفقہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔

انھوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں انتہا پسندی ، دہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد اور اسلامی اور عرب ممالک میں بیرونی مداخلتوں کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ کانفرنس میں دس سے زیادہ اسلامی ممالک کے مندوبین شریک ہوں گے ۔

کانفرنس کی ایک نشست کی صدارت سعودی عرب کے مذہبی امور کے سیکرٹری کریں گے جبکہ کانفرنس میں شیخ الازہر کے نمائندے اور فلسطین کے ڈپٹی چیف جسٹس فلسطینی صدر کا اہم پیغام پیش کریں گے ۔ کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔