وزیرِ خارجہ خواجہ آصف تاحیات نااہل قرار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے نا اہل قرار دے دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا گیا۔

اقامہ کی بنیاد پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر پر جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے دلائل مکمل ہونے اور دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف اور پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کی ہی طرح خواجہ آصف کی نااہلی بھی تاحیات قرار دی گئی ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے حکم دیا تھا کہ اگر اس کیس میں کچھ تحریری چیزیں جمع کرانا ہیں تو کرادیں جس پر خواجہ آصف کے وکیل نے کمپنی کا خط جمع کرایا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ ان کے مؤکل جس کمپنی کے لیگل ایڈوائزر ہیں اس کا نمائندہ عدالت میں پیش ہو کر بیان دینے کے لیے تیار ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف کمپنی کے فل ٹائم نہیں بلکہ پارٹ ٹائم ملازم ہیں۔ عدالت نے تمام دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

فیصلے سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں نشستیں بھر گئی تھیں اور کوئی نشست خالی نہیں تھی جبکہ عدالت کے باہر بھی کافی افراد جمع تھے جو عدالت کے فیصلے کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں