پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال آبائی ضلع نارووال میں قاتلانہ حملے میں زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چودھری احسن اقبال اپنے آبائی ضلع نارووال میں ایک جلسے کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے ہیں ۔ان پر گولی چلانے والے حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق احسن اقبال ضلع نارووال کے قصبے کنجروڑ میں ایک کارنر میٹنگ میں شریک تھے۔اس دوران میں ایک حملہ آور نے اچانک ان پر 30 بور پستول سے گولی چلادی جو ان کے دائیں کندھے پر لگی اور وہ زخمی ہوگئے۔انھیں فوری طو رپر نارووال کے ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور کے سروسز اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش کی جارہی ہے۔ اس کا تعلق مذہبی سیاسی جماعت تحریک لبیک یارسول اللہ سے بتایا جاتا ہے۔اس نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ اس نے ختم نبوت کے قانون میں ترمیم پر وزیر داخلہ پر حملہ کیا ہے۔

نارووال کے ضلعی پولیس افسر عمران کشور نے بتایا ہے کہ حملہ آور نے قریباً بیس گز کے فاصلے سے احسن اقبال پر گولی چلائی تھی۔ملزم کی عمر بیس سے بائیس سال کے درمیان بتائی جاتی ہے اور شکل سے وہ نمازی کے بجائے عام سا کھلنڈرا نوجوان دکھائی دیتا ہے۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے وزیر داخلہ پر حملے کی مذمت کی ہے، صوبے کے انسپکٹر جنرل سے ان پر حملے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ احسن اقبال سے انھوں نے فون پر بات کی ہے اور وہ بلند حوصلہ ہیں۔انھوں نے بعد میں سروسز اسپتال میں ان کی خیریت دریافت کی ہے۔

پاکستان کے مختلف سیاسی رہ نماؤں ،کارکنان ، صحافتی اور سماجی حلقوں نے وزیر داخلہ پر اس قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ’’ ہمیں اس طرح کے واقعات کو روکنا ہوگا ‘‘۔سینیٹ میں حزب اختلاف کی لیڈر شیری رحمان نے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور ان کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ترجمان فواد چودھری نے ایک ٹویٹ میں احسن اقبال پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں