.

پاک فوج کی جنوبی وزیرستا ن میں کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کارروائی میں چھے مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائی وسیع تر آپریشن ردّالفساد کے تحت کی گئی ہے۔ایسی انٹیلی جنس اطلاعات ملی تھیں کہ دہشت گرد واپس آنے والے عارضی طور پر بے گھر افراد کے ساتھ علاقے میں داخل ہوگئے ہیں۔

سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں ایک ’’اعلیٰ قدری ہدف‘‘ دہشت گرد بھی شامل تھا۔اس کی شناخت ’’ ناناکر‘‘ کے نام سے کی گئی ہے۔ وہ مقامی افراد کی ہلاکتوں کے واقعات میں ملوّث تھا۔

اس آپریشن کے دوران میں فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو حوالدار رزاق خان اور ممتاز حسین شہید ہوگئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق مشتبہ دہشت گرد افغانستان کے صوبے پکتیا میں موجود جنگجوؤں کے نیٹ ورک سے رابطے میں تھے۔ان کے قبضے سے ہتھیار ، گولہ بارود اور ابلاغی آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔