.

نریندر مودی کی عمران خان کو مبارک باد، پاکستان سے نئے تعلقات استوار کرنے کو تیار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے سوموار کو فون پر بات چیت کی ہے اور انھیں ان کی جماعت کی پاکستان میں منعقدہ حالیہ عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

پی ٹی آئی کے میڈیا دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ’’ ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے دور میں داخل ہونے کو تیار ہیں اور دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے‘‘۔

بھارت کی وزارت برائے امورِ خارجہ نے نئی دہلی میں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ’’ نریندر مودی نے عمران خان سے فون پر گفتگو کی ہے اور پاکستان میں منعقدہ حالیہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کےقومی اسمبلی میں اکثریتی جماعت ابھر کر سامنے آنے پر انھیں مبارک باد پیش کی ہے‘‘۔

انھوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں گہری ہوں گی۔ انھوں نے ہمسایہ ملک میں امن اور ترقی کے اپنے ویژن کا بھی اعادہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے بیان کے مطابق عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کا نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا ہے اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا :’’ تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے کیونکہ جنگوں اور خونریزی سے تنازعات حل ہونے کے بجائے المیے جنم لیتے ہیں‘‘۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کو اپنے عوام کو غُربت کے گھن چکر سے نکالنے کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل وضع کرنا چاہیے۔

25 جولائی کو پاکستان میں عام انتخابات کے انعقاد کے بعد دونوں لیڈروں کے درمیان یہ پہلا براہ راست رابطہ ہے۔عمران خان نے انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد اپنی پہلی نشری تقریر میں بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ یاد رہے کہ انھوں نے نومبر 2015ء میں بھارت کے نجی دورے کے موقع پر نئی دہلی میں نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔

دریں اثناء اسلام آباد میں متعیّن عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاؤ ژنگ نے عمران خان سے بنی گالا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے اور انھیں چینی حکومت اور حکمراں کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم چین کے ساتھ تحفظ ماحول اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں‘‘۔انھوں نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور چینی سفیر نے انھیں معیشت ، تجارت اور بین الاقوامی تعلقات کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ۔

عمران خان نے چینی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چینی حکومت کے ملک سے غُربت اور بے روزگاری خاتمے کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔