.

عمران احمد خان نیازی نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا، گارڈ آف آنر پیش

خاتون اول بشری بی بی سمیت متعدد سول اور فوجی حکام کی شرکت، اپوزیشن کا بائیکاٹ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران احمد خان نیازی ایوانِ صدر اسلام آباد میں حلف اٹھا کر باضابطہ طور پر پاکستان کے 22 ویں وزیرِ اعظم بن گئے ہیں۔ صدرِ مملکت ممنون حسین نے ہفتے کی صبح عمران خان سے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لیا۔

پاکستان کی قومی اسمبلی نے گذشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کو وزیرِ اعظم منتخب کیا تھا۔ انھوں نے 176 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے حریف شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے تھے۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا، جس کے بعد کابینہ سکریٹری نے صدر مملکت سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کی۔تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیا۔

وزیراعظم عمران خان کے لیے گارڈ آف آنر

تقریب کے بعد نو منتخب وزیراعظم عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر دیا۔ گارڈ آف آنر کے بعد عمران خان نے اسٹاف سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی بھی ایوان صدر آئیں۔ تاہم اس موقع پر اپوزیشن کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔

تقریب حلف برداری میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، نعیم الحق، مراد سعید، ابرار الحق اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، سابق کرکٹر وسیم اکرم اور اداکار جاوید شیخ بھی شریک ہوئے۔تقریب سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور گلے بھی ملے۔سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں خصوصی طور پر بھارت سے واہگہ بارڈر لاہور کے راستے پاکستان آئے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس میں نہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ وزیراعظم ہاؤس کی کالونی میں واقع ملٹری سیکریٹری کے بنگلے میں رہیں گے۔