.

’’حج کے بہتر انتظامات پر سعودی حکومت اور عوام مبارک باد کے مستحق ہیں‘‘

مکہ اور مدینہ کو کھلا شہر قرار دینے کا مطالبہ کرنے والے قرآن و سنت کی تعلیمات سے ناواقف ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

حج کے بہترین انتظامات پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام مبارک باد کے مستحق ہیں ، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں اس سال حج انتظامات ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر تھے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمدطاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب کے فرماں روا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی طرف سے منیٰ میں عالم اسلام کی نمایندہ شخصیات کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انھوں نے کہا کہ ارض الحرمین الشریفین مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہے اور سعودی عرب کی حکومت اور عوام حجاج کرام کی خدمت کو اپنے لیے باعث فخر اور اعزاز سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال بعض ممالک نے حج پر سیاست کی کوشش کی لیکن 25 لاکھ سے زائد حجاج کی آمد ان کی اس سیاست کا جواب ہے۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ گذشتہ 87 سال سے آل سعودحجاج اور زائرین کی خدمت کررہے ہیں اور روز و شب حجاج اور زائرین کیلئے سہولتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو کھلا شہر قرار دینے کا مطالبہ کرنے والے قرآن و سنت کی تعلیمات سے ناواقف ہیں۔