.

عمران خان کا سعودی وزیر توانائی خالد الفالح سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وزیراعظم عمران خان نے بدھ کے روز سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی ، صنعت اور قدرتی وسائل خالد الفالح سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

جناب خالد الفالح نے جدہ میں اپنی رہائش گاہ پر وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔اس موقع پر بعض اعلیٰ سعودی حکام بھی موجود تھے۔

پاکستانی وزیراعظم سے سعودی کابینہ کے جنرل سیکریٹریٹ کے کنسلٹنٹ احمد بن عقیل الخطیب اور سعودی پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کےمینجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو یاسر الرومیان نے بھی ملاقات کی ہے۔

عمران خان نے وزیراعظم کی حیثیت سے سب سے پہلے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیاہے ۔انھوں نے اس موقع پر العربیہ نیوز چینل کے جنرل مینجر ترکی الدخیل سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے الریاض کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’’ پاکستان میں جو کوئی بھی برسراقتدار آتا ہے، وہ سب سے پہلے سعودی عرب ہی کا دورہ کرتا ہے۔سعودی عرب نے ماضی میں ہمیشہ وقتِ ضرورت پاکستان کی مدد کی ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’’ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان عوام کی سطح پر مضبوط تعلقات استوار ہیں‘‘۔