.

مشن پرواز پر گئے پاکستانی گلوکار فخر عالم روس میں گرفتار کر لئے گئے!

فلائٹ تاخیر کا شکار ہوئی اور ویزا ختم ہو گیا جس پر روسی ائیر پورٹ حکام نے مجھے نظر بند کر لیا ۔ فخر عالم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

''مشن پرواز'' پر جانے والے پاکستانی گلوکار فخر عالم کو روسی ائیر پورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کا چکر لگانے کے مشن پرواز پر جانے والے پاکستانی گلوکار فخرعالم کو روس میں یوزنو سخالسنک ایئرپورٹ پر نظر بند کر دیا گیا ہے۔ فخر عالم نے بتایا کہ ’’میری فلائٹ میں کچھ تاخیر ہوئی تو ویزا ختم ہوگیا جس پر روسی حکام نے مجھے نظربند کردیا ہے اور ائیر پورٹ سے نکلنے نہیں دے رہے۔‘‘

فخر عالم نے حکومت پاکستان اور روس میں پاکستانی سفارتخانے سے اپیل کی کہ روسی حکام سے رابطہ کرکے میری نظربندی ختم کروائی جائے۔

دفترخارجہ کے مطابق فخرعالم کے ویزہ کے معاملے کودیکھ رہے ہیں، اس حوالے سے متعلقہ سفارتی مشن معاملے کے حل کے لیے کوشاں ہے اور روسی حکام سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی گلوکار فخر عالم دنیا کا چکر لگانے کے لئے’’مشن پرواز‘‘پر ہیں ، انہوں نے اپنے ''مشن پرواز'' کا آغاز رواں برس 10 اکتوبر کو امریکی ریاست فلوریڈا سے کیا ۔

قبل ازیں فخر عالم نے دنیا کا چکر لگانے کے لیے 6 اکتوبر کو اپنے ''مشن پرواز'' کے آغاز کا اعلان کیا تھا لیکن جہاز میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کی وجہ سے ان کا یہ مشن تاخیر کا شکار ہو گیا۔ اس مشن کے دوران پاکستانی گلوکار فخر عالم خود جہاز اُڑا کر پوری دنیا کا چکر لگائیں گے۔ ان کا یہ سفر 28 دنوں پر مشتمل ہوگا۔ جس میں وہ 25 ممالک کے31 شہروں سے ہوتے ہوئے گزریں گے۔

فخر عالم کے مشن پرواز میں استعمال ہونے والا جہاز سوئزرلینڈ ساختہ ہے اور اس میں ایک انجن ہوتا ہے، عموماً یہ جہاز بزنس مقاصد میں استعمال ہوتا ہے تاہم امریکہ کی ایئر فورس کے استعمال میں بھی ہے جبکہ آسٹریلیا میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کے لیے بھی اس طیارے کا استعمال کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ اپنے مشن کے آغاز سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فخر عالم نے کہا تھا کہ میں اپنے اس مشن کو پاکستان کے نام کرتا ہوں، میرا بچپن سے خواب تھا کہ میں خود جہاز اُڑا کر پوری دنیا کا چکر لگاؤں ، میں چاہتا ہوں کہ دنیا بھر میں اپنے ملک کا نام روشن کر سکوں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تین سال قبل 2015ء میں فخرعالم کو امریکہ میں پرائیوٹ پائلٹ کا لائسنس ملا تھا۔