.

تحریک لبیک کے سربراہ مولوی خادم حسین رضوی کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوشل میڈیا کی ویب گاہ ٹویٹر نے اتوار کو پاکستان کی مذہبی سیاسی جماعت تحریک لبیک ( ٹی ایل پی) کے سربراہ خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ معطل کردیا ہے ۔اس کا جواز یہ پیش کیا ہے کہ انھوں نے ٹویٹر کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔

ٹویٹر نے مولوی خادم حسین رضوی کی پروفائل تصویر اور تمام ٹویٹس بھی ہٹا دی ہیں۔ پاکستان کی حکومت نے ٹویٹر سے ان کا اکاؤنٹ معطل کرنے کے لیے درخواست دی تھی۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے ٹویٹر کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی سے (خادم رضوی کے) اکاؤنٹ کو معطل کرنے کی درخواست کے لیے کہا گیا تھا ۔ تاہم انھوں نے جمعہ کی شب تک اکاؤنٹ معطل نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

بعد میں انھوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اطلاعات نے انھیں مطلع کیا ہے ، ٹویٹر نے درخواست کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

پاکستانی حکومت نے ریاست اور ریاستی اداروں کو ڈرانے دھمکانے پر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ سے خادم رضوی کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کرنے کی درخواست کی تھی ۔ٹویٹر کے بہت سے صارفین نے بھی ان کے اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز بیانات کی تشہیر کی شکایت کی تھی اور ان پر منافرت پھیلانے کا الزام عاید کیا تھا۔