.

سعودی ولی عہد کی آمد سے قبل اہلِ پاکستان کے لیے خوش خبری، ویزا فیس میں نمایاں کمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اتوار کو اسلام آباد میں آمد سے قبل سعودی عرب نے مہنگائی کا شکار پاکستانیوں کو ایک بڑی خوش خبری سنادی ہے اور ان کے لیے ویزے کے دو زمروں میں فیس میں 1662 ریال سے 2325 ریال تک کمی کردی ہے۔

اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مملکت میں ایک ہی مرتبہ جانے کے لیے ویز افیس دو ہزار ریال سے کم کرکے 338ریال (533 ڈالر سے کم کرکے 90 ڈالر) کردی گئی ہے اور ایک سے زیادہ مرتبہ سعودی عرب میں جانے کے لیے ویزا فیس تین ہزار سے کم کرکے 675ریال (ڈالر کی شکل میں 800 سے کم کرکے 180 ) کردی گئی ہے۔

سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لیے ویزا فیس میں اس کمی کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے اور اس کا اطلاق 15 فروری 2019 سے ہوگا۔

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اتوار کو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ان کے پُرتپاک استقبال کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔ان کے دورے کے موقع پر دونوں برادر ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں 10ارب ڈالر ز سے زیادہ مالیت کے معاہدے متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے اکتوبر 2016ء میں کاروبار یا وزٹ کی غرض سے مملکت میں آنے والے افراد کے ویزے کی فیس میں سات گنا تک اضافہ کردیا تھا۔مملکت نے یہ فیصلہ تیل کی معیشت پر انحصار کم کرکے آمدن کے دوسرے ذرائع پیدا کرنے کی حکمتِ عملی کے حصے کے طور پرکیا تھا۔