سعودی ولی عہد کی اپنے دوسرے ’گھر‘ پاکستان سے تاریخی اور کامیاب دورے کے بعد واپسی

وزیراعظم عمران خان کا اظہارِ تشکر ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید کے ساتھ معزز مہمان کو نور خان ائیر بیس سے رخصت کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے دوسرے گھر پاکستان کے تاریخی دو روزہ دورے کے بعد سوموار کی شام اپنے خصوصی طیارے پر روانہ ہوگئے ہیں۔نور خان ائیر بیس پر وزیراعظم عمران خان ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں نے معزز مہمان کو رخصت کیا۔

روانگی کے وقت وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ پریس بریفنگ میں شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ’’وہ اپنے آیندہ دورے میں پاکستان میں زیادہ دن قیام کریں گے اور میں انھیں پاکستان کی خوب صورتی اور شمالی علاقے دکھاؤں گا‘‘۔

انھوں نے شہزادہ محمد بن سلمان کا سعودی جیلوں میں معمولی جرائم کی پاداش میں قید دوہزار سے زیادہ پاکستانیوں کی رہائی کے اعلان پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔سعودی ولی عہد سے وزیراعظم نے گذشتہ شب عشائیے کے موقع پر ان پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی اور اس پر انھوں نے آج صبح ہی حکم جاری کر دیا تھا۔

نورخان ائیر بیس پر سرخ قالین پرپاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر خسرو بختیار نے شہزادہ محمد بن سلمان کو الوداع کہی اور پھر وہ اپنے خصوصی طیارے پر سوار ہونے کے لیے چلے گئے۔ وہ طیارے کی سیڑھیوں سے بھی الوداع کہنے کے لیے آنے والے پاکستانی قائدین کے الوداعی اشاروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دے رہے تھے۔ وہ 19 فروری سے پڑوسی ملک بھارت کا دورہ کررہے ہیں۔

سعودی ولی عہد نے اپنے اس دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں ۔انھوں نے پاکستان کو ایک جانب تو اپنا دوسرا گھر قرار دیا اور دوسری جانب اتوار کی شب وزیراعظم ہاؤس میں اپنے اعزاز میں منعقدہ عشائیے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھا جائے‘‘۔

ان کے پاکستان سے محبت کےا س اظہاریے کی سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی ہورہی ہے اور زندگی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے ان کی اپنے وطن سے اس بے لوث ، سچّی اور گہری محبت کو سراہا ہے اور ان کے اس تاریخی جملے کو اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری سے بھی بھاری قرار دیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں