.

سعودی وزیر خارجہ جلد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام لے کر پاکستان آئیں گے

وزیراعظم عمران خان کا جذبہ خیر سگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائیلٹ کو جمعہ کے روز رہا کرنے کا ا علان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ایک خصوصی پیغام لے کر جلد پاکستان آرہے ہیں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹیلی ویژن چینل جیو سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے اس غیر علانیہ دورے کی اطلاع دی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان گرفتار کیے گئے بھارتی پائیلٹ ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کرنے کو تیار ہے۔ اگر اس سے دونوں ملکوں کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے تو ہم ایسا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اسی ماہ پاکستان اور بھارت کا دورہ کیا تھا ۔ایسوسی ایٹڈ پریس ( اے پی) نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حوالے سے بتایا کہ انھوں نے گذشتہ شب عادل الجبیر سے فون پر گفتگو کی تھی لیکن انھوں نے اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔

عادل الجبیر اپنے خصوصی طیارے پر پاکستان آئیں گے جبکہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے بعد اپنی فضائی حدود تمام شہری پروازوں کے لیے عارضی طور پر بند کررکھی ہیں۔

دریں اثناء پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمان میں تقریر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امن کے لیے خیر سگالی کے جذبے کے تحت گرفتار بھارتی پائیلٹ کو جمعہ کے روز رہا کردیا جائے گا۔

پاک فضائیہ نے بدھ کی صبح اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کا ایک لڑاکا طیارہ آزاد کشمیر میں مار گرایا تھا ۔اس کے پائیلٹ کو مقامی لوگوں نے پکڑ لیا تھا اور پھر فوج کے حوالے کردیا تھا۔پاک فضائیہ نے بھارت کا ایک اور لڑاکا طیارہ بھی مار گرایا تھا لیکن اس کا ملبہ کنٹرول لائن کے اس پار بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع بڈگام میں گرا تھا۔

بھارت کے لڑاکا طیاروں کی منگل کو علی الصباح پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور بالاکوٹ کے علاقے میں ایک غیر آباد علاقے پر بم گرائے جانے کے بعد سے دونوں ملکوں میں کشیدگی میں اضافہ ہے۔ امریکا ، چین اور دوسری عالمی طاقتوں نے دونوں ہمسایہ ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ضبط وتحمل سے کام لیں اور تنازع کو مزید بڑھا وا دینے سے گریز کریں۔