.

گرفتار بھارتی پائلٹ رہائی کے بعد واہگہ کے راستے ہندوستان پہنچ گئے

مشتعل ہجوم سے بچانے پر پاک فوج کے جوانوں کا شکر گزار ہوں: ابھی نندن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کو گرانے کے بعد گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو تمام کاغذی کارروائی کے بعد واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا اور وہ واپس اپنے ملک پہنچ گئے۔

ابھی نندن کی حوالگی کے موقع پر بھارت کی جانب سے اپنی سرحد پر پرچم اتارنے کی تقریب کو منسوخ کردیا گیا جبکہ پاکستان کی جانب سے واہگہ بارڈر پر حسب معمول پرچم اتارنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

ابھی نندن کا دوسرا ویڈیو بیان

پاک فضائیہ کی جانب سے گرائے گئے بھارتی طیارے کے پائلٹ ابھی نندن نے رہائی سے قبل اپنے دوسرے ویڈیو بیان میں کہا کہ ٹارگٹ تلاش کررہا تھا کہ پاک فضائیہ نے میرا طیارہ مار گرایا جبکہ بھارتی میڈیا چھوٹی سی چیز کو آگ لگاکر بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔

بھارتی پائلٹ ابھی نندن نے رہائی سے قبل ویڈیو بیان میں کہا کہ ‘میرا نام ونگ کمانڈر ابھی نند ہے اور میں ٹارگٹ ڈھونڈنے کی کوشش کررہا تھا کہ پاکستانی ائر فورس نے گرایا اس کے بعد مجھے اپنا جہاز چھوڑنا پڑا جو ٹوٹ گیا تھا’۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جیسے ہی میں نے پیرا شوٹ کھولا اور جب میں نیچے گرا تو میرے پاس پستول تھی اور لوگ بہت زیادہ تھے اور میرے پاس بچاؤ کے لیے پستول گرایا اور میں نے بھاگنے کی کوشش کی'۔

بھارتی پائلٹ نے کہا کہ 'میرے پیچھے لوگ آئے تھے ان کا جوش کافی اونچا تھا اسی وقت پاکستانی آرمی کے دو جوان آئے دونوں نے مجھے بچایا وہاں سے، پاکستانی آرمی کے کپتان تھے وہ آئے انہوں نے ان لوگوں سے بچایا مجھے اور کچھ نہیں ہونے دیا'۔

پاکستانی جوانوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'وہ مجھے اپنی یونٹ تک لے کر گئے جہاں مجھے فرسٹ ایڈ دیا گیا جس کے بعد مجھے ہسپتال منتقل کردیا گیا اور مزید ایڈ دیا گیا'۔

انہوں نے کہا کہ 'انڈین میڈیا بات ہمیشہ بڑھا چڑھا کر کہتی ہے جو چھوٹی سی چیز ہوتی اس کو اتنا آگ اور مرچ لگا کر بولتے ہیں کہ لوگ اس کے بہکاوے میں آجاتے ہیں'۔

بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن نے اپنے بیان میں کہا کہ 'پاکستانی آرمی بہت ہی پروفیشنل سروس ہے، میں نے پاکستانی آرمی کے ساتھ وقت گزارا اور میں بہت متاثر ہوں'۔

یاد رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فضائیہ کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اس حوالے سے کہا تھا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی پر دونوں طیاروں کو مار گرایا گیا جس میں سے ایک کا ملبہ آزاد کشمیر اور دوسرے کا ملبہ مقبوضہ کشمیر میں گرا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ہم امن کے لیے بھارت کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو رہا کر دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ امن کے قیام کی کوشش کو ہماری کمزوری نہیں سمجھا جائے، یہ کمزوری نہیں ہے، پاکستان کی تاریخ میں جب ہم پیچھے دیکھتے ہیں تو بہادر شاہ ظفر تھا اور ٹیپو سلطان، بہادر شاہ ظفر نے موت کے بجائے غلامی کو چنا تھا جبکہ ٹیپو سلطان نے غلامی کو نہیں چنا تھا، اس قوم کا ہیرو ٹیپو سلطان ہے۔