.

ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 پاکستانی فوجیوں سمیت چار افراد جاں بحق

پاکستان فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیاں تباہ، فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان متنازع کشمیر کے علاقے میں لائن آف کنڑول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاکستانی فوج کے 2 جوانوں سمیت 4 افرد جاں بحق اور خاتون سمیت 2 زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارت کی چوکیاں تباہ ہو گئیں اور بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فوج نے گرم چشمہ، تتہ پانی، جنڈروٹ سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فائرنگ سے 2 شہری جاں بحق اور خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے جنہیں کوٹلی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پر فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان بھی جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم شامل ہے جبکہ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ پاکستانی فوج کی کارروائی سے بھارتی چوکیوں اور بھارتی فوجی دستوں کو نقصان پہنچا۔ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

حالیہ لڑائی میں کام آنے والے پاکستانی فوج کے حوالدار عبد الرب کا تعلق جنوبی پنجاب کے ضلع ڈی جی خان سے ہے جبکہ نائیک خرم کا تعلق بھی ڈی جی خان سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے تتہ پانی، جندروٹ سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج موجودہ صورتحال میں الرٹ ہیں۔