.

لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بحال ہو گیا

مسافر ائیرپورٹ آنے سے قبل 0215ہیلپ لائن پر کال کر کے معلومات حاصل کرلیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاک بھارت کشیدگی کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر معطل ہونے والے فلائٹ آپریشن کو دوبارہ بحال کردیا گیا۔

پاکستان میں ہوابازی کے نگراں ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے)کے نوٹیفکیشن کے مطابق علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ لاہور کے فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق بحال کردئیے گئے اور فضائی آپریشن صبح 6بجے سے دوبارہ شروع ہو گیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق تمام فضائی کمپنیوں کو آپریشن شروع کرنے سے متعلق آگاہ بھی کردیا گیا ۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس کو ری شیڈول کیا گیا اور مسافروں کی ہدایت کی گئی کہ وہ ائیرپورٹ آنے سے قبل 0215ہیلپ لائن پر کال کر کے معلومات حاصل کرلیں۔ یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث سی اے اے نے پاکستان کی فضائی حدود اور ہوائی اڈے کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیئے تھے۔

سی اے اے نے اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے ہوائی فضائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق بحال کیے جب کہ ملتان ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن اب بھی معطل ہے جو 4مارچ کو دن ایک بجے بحال ہوگا۔ پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن جاری رہا اور صبح 2 بین الاقوامی پروازیں مسقط اور بحرین سے مسافروں کو لے کر پشاور پہنچیں۔پشاور ایئرپورٹ حکام کے مطابق کراچی سے 2 پروازیں بھی معمول پر آئیں گی، اسی طرح 2 پروازیں کراچی اور ایک مسقط کے لیے اپنے وقت پر روانہ ہونگی۔