.

پاکستان میں رواں برس کے نویں پولیو کیس کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے قومی ادارہ صحت کے حکام نے پاکستان میں رواں برس کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران سامنے آنے والے نویں پولیو کیس کی تصدیق کر دی۔

ادارہ صحت کی پولیو لیبارٹری کے ایک اہلکار نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ لاہور میں ایک 10 سالہ بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے۔

اس سے قبل ملک میں رواں سال 9 پولیو کیس سامنے آئے جس میں لاہور اور بنوں میں 2 کیس اس کے علاوہ ہنگو، وزیرستان باجوڑ، ضلع خیبر اور کراچی سے ایک ایک کیس سامنے آیا۔

یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے 2014ء میں پاکستان، کیمرون اور شام کو دنیا میں پولیو کے پھیلاؤ کا سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے ان ملکوں سے مرض کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے بعد پاکستان نے سفری پابندیوں پر عمل درآمد کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے دو ہفتے کی مہلت مانگی تھی۔

دنیا بھر میں پاکستان، افغانستان اور نائیجیریا وہ 3 ممالک ہیں جہاں اب بھی پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن نہ ہوسکا۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں پولیو ویکسین بچوں کو پلانے والی ٹیموں کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کچھ علاقوں میں پولیو ٹیموں پر جان لیوا حملے بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔