اسلام آباد : وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے اسلام آباد میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر اعجاز شاہ نے امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے اقتصادی ترقی، سماجی دیکھ بھال اور انسانی امداد کے حوالے سے مسلسل سپورٹ کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں معاونت کو گراں قدر قرار دیا۔ اعجاز شاہ نے پاک-امارات تعلقات کو ایسے خصوصی بندھن کا نمونہ قرار دیا جو مسلسل ترقی پا رہا ہے۔

ملاقات میں اماراتی سفیر نے باور کرایا کہ متحدہ عرب امارات کی دانش مند قیادت دونوں دوست ممالک کے درمیان تاریخی روابط کی مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ یہ روابط متبادل احترام اور اعتماد کے علاوہ تمام علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں نقطہ ہائے نظر میں مطابقت پر مبنی ہیں۔

الزعابی نے کہا کہ امارات اور پاکستان کے بیچ خصوصی تعلقات اخوت، ثقافت اور مشترکہ سماجیت کے روابط پر مرکوز ہیں جن کے آثار معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت سے لے کر سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں مفید اور قوی تعاون تک پھیلے ہوئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کے مطابق اماراتی اور پاکستانی عوام کو اکٹھا کرنے والے روابط مضبوط اور تاریخی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زائد بن سلطان آل نہیان کے دل میں پاکستانی عوام کے لیے خصوصی محبت تھی۔ پاکستانی عوام نے اس محبت کا جواب ہمیشہ مکمل احترام سے دیا۔ آج بھی تمام پاکستانیوں کے دلوں میں شیخ زاید مرحوم بہت بڑا مقام رکھتے ہیں۔

اعجاز شاہ نے کہا کہ امارات ہر مشکل گھڑی بالخصوص قدرتی آفات کے موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑا نظر آیا۔ انہوں نے پاکستان کی امداد کے حوالے سے 2011 میں شروع ہونے والے اماراتی پروگرام کو سراہا جس میں پاکستانی سرزمین پر اسکولز، یونیورسٹیز، سڑکیں، پُل کے منصوبوں اور پانی اور صحت کے سیکٹروں کی بہتری کے لیے منصوبے شامل ہیں۔ پاکستان اور امارات کے درمیان مئی 2018 میں 20 کروڑ ڈالر کے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے۔ اس سمجھوتے کے تحت بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے صوبوں میں مزید سرمایہ کاری ہو گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں