.

کوئٹہ: نماز جمعہ کے دوران دھماکا، 2 افراد جاں بحق 15 زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے پشتون آباد میں قائم مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نیتجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا نمازِ جمعہ کے وقت ہوا جس کے بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو فوری طور پر کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کرنا شروع کردیا۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ پورا علاقہ لرز اٹھا تاہم حکام نے دھماکے کی نوعیت کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا۔

دھماکے کے فوری بعد ریسکیو اہلکار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لےکر شواہد اکٹھے کرلیے۔

مسجد میں ہونے والے دھماکے پر اعلیٰ حکومتی اور سیاسی شخصیات نے سخت مذمت کرتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کے لیے دعائے صحت کی۔

خیال رہے کہ 6 مئی کو ماہ رمضان کے آغاز سے اب تک ملک میں ہونے والا دہشت گردی کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔ اس سے قبل 13 مئی کو کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مِنی مارکیٹ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 اہلکار جاں بحق اور 2 اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔

دو روز قبل بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل ’پرل کانٹیننٹل‘ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں نیوی کا ایک اہلکار اور 4 سیکیورٹی گارڈز جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

قبل ازیں 8 مئی کو لاہور میں داتا دربار کے باہر خودکش دھماکے میں 4 پولیس اہلکاروں اور ایک سیکیورٹی گارڈ سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوئے تھے۔ اسی روز بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے شہر چمن میں قبائلی رہنما ولی خان اچکزئی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 محافظوں سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔